چیری کا اگلے سال سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان

چیری کا اگلے سال سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان
کیپشن: چیری کا اگلے سال سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: چیری ماسٹر پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوری 2026 سے کراچی کے پورٹ قاسم کے نیشنل انڈسٹریل پارک میں مقامی طور پر گاڑیوں کی تیاری شروع کر دے گا۔

یہ اعلان فیکٹری سائٹ پر منعقدہ تقریب میں کیا گیا، 60 ایکڑ پر پھیلا پلانٹ 50 ملین کی سرمایہ کاری ہے، کمپنی ملک گیر ڈیلرشپ نیٹ ورک بھی قائم کر رہی ہے، جس کے تحت 2026 میں 7 بڑے شہروں میں 10 آؤٹ لیٹس کھولے جائیں گے۔

چیری آٹو، چین کا سب سے بڑا گاڑیاں برآمد کرنے والا برانڈ ہے جو یورپ، جنوبی امریکہ، مشرق وسطیٰ، افریقہ، ایشیا، روس اور آسٹریلیا سمیت دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں کام کرتا ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر آٹو انجینئرنگ کے سی ای او سمیر ملک نے کہا کہ چیری آٹوموبائلز لمیٹڈ کے ساتھ شراکت پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کے معروف برآمدی برانڈ کے ساتھ تعاون کرنے پر فخر ہے اور اپنے نیو انرجی وہیکل پلانٹ کے ذریعے پاکستانی صارفین کے لیے چیری کی سپر پلگ ان ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے منتظر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ کاری صرف گاڑیوں کی تیاری تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور 2000 سے زائد افراد کو جدید توانائی سے متعلق گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کرنا ہے۔

Watch Live Public News