بھارتی اداکار وجے دیورا کونڈا کی گاڑی کو حادثہ

بھارتی اداکار وجے دیورا کونڈا کی گاڑی کو حادثہ

(ویب ڈیسک ) بھارت کے معروف اداکار   وجے دیوراکونڈا کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔تاہم وہ حادثے میں محفوظ رہے ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارت کی  ریاست تلنگانا کے ضلع جوگو لامبا گدوال (Jogulamba Gadwal)  میں اداکار وجے دیوراکونڈا  کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔

اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ اداکار وجے دیوراکونڈا دوپہر تقریباً 3 بجے پُتاپرتھی سے حیدرآباد جا رہے تھے ، اس دوران  ان کے آگے چلنے والی گاڑی نے اچانک دائیں جانب موڑ کاٹ لیا جس کی وجہ سے اداکار کی گاڑی اس سے ٹکرا گئی۔

وجے کی گاڑی میں 2 اور لوگ بھی سوار تھی۔خوش قسمتی سے سب محفوظ رہے تاہم گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔ 

اداکار وجے دیوراکونڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ایکس پر  اپنے مداحوں کو حادثے کے بارے میں اطلاع دی اور بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں۔ 

انہوں نے ایکس پر کہا کہ 'سب ٹھیک ہے۔ گاڑی کو ٹکر لگی، لیکن ہم سب محفوظ ہیں،سر میں تھوڑا درد ہے، خبروں سے پریشان نہ ہوں'۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  اداکارہ رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا نے باضابطہ طور پر منگنی کرلی ہے۔اگرچہ جوڑے نے ابھی تک منگنی کی تصاویر شیئر نہیں کیں اور نہ ہی باضابطہ بیان سامنے آیا، لیکن ذرائع کے مطابق 3 اکتوبر کو منگنی کی سادہ تقریب حیدرآباد میں وجے کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں صرف اہل خانہ نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  دونوں کی شادی کی تقریب ممکنہ طور پر اگلے سال فروری میں منعقد ہوگی۔

Watch Live Public News