ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے نیا آمدنی کا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد کاپی شدہ اور غیر معیاری مواد کی حوصلہ شکنی کرکے اصل مواد تخلیق کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے نظام کو ’اوریجنل کانٹینٹ ریوارڈز پروگرام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ایکس نے کریئیٹرز کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا کہ موجودہ ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام 7 ستمبر 2026 کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ نئے پروگرام کے لیے درخواستوں کا آغاز 8 ستمبر سے ہوگا۔
ایکس کے مطابق جن صارفین کی شناختی تصدیق پہلے ہی مکمل ہے اور ادائیگی کا طریقہ منسلک ہے، انہیں دوبارہ یہ مراحل مکمل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صارفین کریئیٹر اسٹوڈیو میں جاکر اپنی اہلیت بھی چیک کرسکیں گے۔
پاکستان سمیت بعض دیگر ممالک میں ایکس کی مونیٹائزیشن کے بعد بڑی تعداد میں صارفین نے آمدنی کے حصول کے لیے ویڈیوز اور پوسٹس کی بھرمار شروع کردی تھی۔ کئی اکاؤنٹس ٹی وی چینلز کی لائیو نشریات سے ویڈیو کلپس کاٹ کر ایکس پر اپ لوڈ کرتے رہے، جبکہ بعض صارفین ٹک ٹاک، فیس بک اور انسٹاگرام سے وائرل ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے دوبارہ پوسٹ کرتے تھے۔
کاپی شدہ مواد کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ایکس پر اصل اور غیر اصل مواد کے درمیان فرق کو نمایاں کردیا تھا۔ نئے پروگرام کے ذریعے پلیٹ فارم کی جانب سے اوریجنل اور معیاری مواد تخلیق کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور کاپی پیسٹ پر مبنی مواد کی حوصلہ شکنی کی توقع ہے۔