(ویب ڈیسک)دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم سے کمانے والے مواد تخلیق کاروں کے لیے ایک اہم اور بڑی سہولت کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے تحت کمائی گئی رقم نکلوانے کی کم از کم حد 100 ڈالرز سے کم کر کے صرف 20 ڈالرز کی جا رہی ہے۔
اب تک رائج یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) کے تحت کوئی بھی تخلیق کار اس وقت تک اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نہیں نکلوا سکتا تھا جب تک اس کی آمدنی 100 ڈالرز کے ہدف تک نہ پہنچ جائے۔
نئی اپڈیٹ کے تحت اس حد کو نمایاں طور پر کم کر کے صرف 20 ڈالرز کیا جا رہا ہے، جس سے کم ویوز یا کم ریونیو والے چھوٹے اور نئے تخلیق کار بھی مہینے کے مہینے اپنی کمائی باآسانی حاصل کر سکیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق فی الوقت اس نئی سہولت کا تجربہ امریکا، بھارت اور انڈونیشیا کے محدود صارفین پر کیا جا رہا ہے۔جن صارفین کو اس آزمائش کا حصہ بنایا گیا ہے، انہیں یوٹیوب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر کے مطلع کیا گیا ہے۔
یوٹیوب نے ایک باضابطہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ تخلیق کاروں کو زیادہ مالی سہولت دینے کی غرض سے عارضی طور پر یہ ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اپڈیٹ ایسے وقت میں لائی گئی ہے جب میٹا کے ملکیتی پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' نے یوٹیوب کو براہِ راست ٹکر دینے کے لیے 90 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کی ہے۔
اس سخت مقابلے میں تخلیق کاروں کو اپنے ساتھ جوڑے رکھنے کے لیے یوٹیوب ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان تر بنا رہا ہے۔
کمپنی نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ یہ تجرباتی دورانیہ کب تک جاری رہے گا۔
تاہم ماہرین کے مطابق اگر یہ آزمائش کامیاب رہی تو اس پالیسی کا دائرہ کار پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک تک وسیع کر دیا جائے گا، جس سے ملکی کریئیٹرز کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔