(ویب ڈیسک): ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے کروڑوں صارفین کی دیرینہ مشکل حل کرنے کے لیے چیٹ ونڈو کے اندر ہی براہِ راست ’ سرچ شارٹ کٹ‘ شامل کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس فیچر کی بدولت اب مہینوں اور برسوں پرانے پیغامات تلاش کرنا انتہائی تیز اور آسان ہو جائے گا۔
فی الوقت واٹس ایپ پر کسی مخصوص گفتگو کے اندر میسج تلاش کرنے کے لیے صارفین کو چیٹ انفو (پروفائل اسکرین) میں جا کر سرچ کا آپشن منتخب کرنا پڑتا ہے، جو خاصا طویل اور غیر آرام دہ عمل ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین کو چیٹ انفو میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ سرچ کا آپشن براہِ راست چیٹ اسکرین پر ہی ایک کلک کے فاصلے پر میسر ہوگا۔
فیچر کس طرح کام کرے گا؟
یہ سرچ بٹن اسکرین پر ہر وقت موجود نہیں رہے گا تاکہ چیٹ اسکرین صاف نظر آئے۔جیسے ہی کوئی صارف پرانے پیغامات دیکھنے کے لیے اوپر کی جانب اسکرول کرے گا، یہ تیرتا ہوا سرچ شارٹ کٹ بٹن فوری طور پر اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔
واٹس اپ چینلز پر بھی دستیابی:
یہ سہولت عام ون آن ون چیٹس کے علاوہ واٹس ایپ چینلز کے لیے بھی جاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے فالوورز کسی بھی چینل کی پرانی اپ ڈیٹس اور مخصوص پوسٹس باآسانی ڈھونڈ سکیں گے۔
یہ نیا فیچر فی الحال ایپل آئی او ایس (iOS) کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ بی ٹیسٹنگ مکمل ہونے کے بعد اسے جلد دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے باضابطہ طور پر ریلیز کیا جائے گا۔