5 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج جلد مکمل کرنے پر اتفاق, وزیر اعظم ، سعودی ولی عہد کی ملاقات کامشترکہ  اعلامیہ جاری

5 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج جلد مکمل کرنے پر اتفاق, وزیر اعظم ، سعودی ولی عہد کی ملاقات کامشترکہ  اعلامیہ جاری

(ویب ڈیسک )  سعودی عرب کے  ولی عہد اور وزیراعظم  شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان باضابطہ ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

  اعلامیے کے مطابق  سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف نے آج الصفاء پیلس  مکہ المکرمہ میں ایک باضابطہ ملاقات کی۔ سعودی ولی عہد نے  شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان  کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ   وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا۔

اعلامیے کے مطابق  ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے  تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں 5 بلین ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے اور انسانی جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی برادری  پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تا کہ وہ اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز آئے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔

جاری اعلامیے  میں کہا گیا ہے کہ  دونوں رہنماؤں  نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کے ساتھ ساتھ عرب امن اقدام کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر تبادلہء خیال کیا جس کا مقصد  ایک آزاد فلسطینی ریاست، جس کا دارالحکومت  مشرقی یروشلم  ہو ، کے قیام کے لیے ایک منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا ہے۔

 اس کے علاوہ دونوں فریقین نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازع کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔

Watch Live Public News