ویب ڈیسک:پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکی قیادت کے دانش مندانہ اقدام پر اُن کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران سمیت تمام فریقین نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ فریقین کو 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں، وہ یہاں آئیں تاکہ تمام تنازعات کو حل کرنے کے لیے حتمی معاہدہ طے کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا فریقین نے شان دار حکمت اور فہم کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے اسلام آباد مذاکرات میں پائیدار امن حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

شہباز کا کہنا تھا کہ فریقین امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری انداز میں مشغول رہے، لبنان اور دیگر جگہوں پر فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، آئندہ دنوں میں مزید خوش خبریاں شیئر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ امریکا کو پاکستان کے ذریعے 10 نکات بھیج دیے گئے ہیں، ایران امریکا مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے، جس میں حتمی جنگ بندی پر بات ہوگی۔
ایرانی سپریم سیکیورٹی کونسل نے موجودہ جنگ بندی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکراتی نکات میں پابندیاں اٹھانے کی شرط رکھی گئی ہے، اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی بھی ان نکات میں شامل ہے۔