(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم ایک ماہ دن رات کام کرتی رہی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےپاکستان کو سفارتی محاذ پر اہم کامیابی سے نوازا،ہم سفارتی کامیابی پر اللہ کے حضور سر بسجود ہیں،مشترکہ کاوشوں سے مسلم ممالک میں امن کےلیے کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطا فرمائی، پاکستان کو ملنے والی عزت میں سب کی کوشش شامل ہے، آپ نے جنگ کے شعلوں کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی،جنگ خطے سمیت پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رہی تھی، جنگ کے شعلے 2ہفتے کےلیے بجھ گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت یکسو تھی ہے اور رہے گی،وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم ایک ماہ دن رات کام کرتی رہی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اور امریکی قیادت کا ہماری درخواست قبول کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،سعودی عرب ، قطر ، عمان ، کویت ا ور یو اے ای کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،راتوں کو جاگ کر سیز فائر کا سفر طے ہوا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کل میری سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات ہوئی، سعودی عرب نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،میری دعوت پر امریکی اور ایرانی وفود جمعہ کو پاکستان آ رہے ہیں،سعودی ولی عہد نے کہا کہ ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے،فیلڈ مارشل کے امریکی اور ایرانی قیادت سے رابطے ہیں۔