اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہو جائیں گے البتہ انتخابات میں ایک سے دو مہینے کی تاخیر ہو سکتی ہے۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 9 اگست کی شام تک اسمبلی کو تحلیل کر دیا جائے گا جس کے بعد آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات کروانا ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نومبر میں انتخابات ہو جائیں گے البتہ مخصوص حالات میں الیکشن کمیشن ایک سے دو مہینے کیلئے الیکشن کروانے میں تاخیر کر سکتا ہے لیکن اس سے زیادہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہو سکتی۔ اس کےعلاوہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ انتخابات 1 سے 2 ماہ میں ہو جانے چاہئیں کیونکہ کوئی بھی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہو رہیں، نواز شریف انتخابات سے قبل ضرور پاکستان آئیں گے۔ لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمیں 20 سال پہلے والے سیاسی اور معاشی بحران کی طرف لے گئی ہے، جمہوریت میں وزیر اعظم کا آنا جانا لگا رہتا ہے، برطانیہ بھی اس کی ایک مثال ہے۔