ویب ڈیسک: بارشیں ابھی اور بھی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ بارشوں کے باعث دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی 88 ملی میٹر گوجرانولہ 17 بہاولنگر ،قصور 11 اور شیخوپورہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ سیالکوٹ نالہ ایک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیالکوٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا سپیل 14 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ شہری موسم برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ ایمرجنسی کی صوتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔
کراچی
کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ہیں، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ ہوا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے جبکہ کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسیات نے بتایا کہ مشرقی سندھ میں 9 اور 10 اگست کو ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ 9 اور 10 اگست کو عمرکوٹ، تھر پارکر، سانگھڑ اور میرپورخاص میں بادل برسنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں موسم مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، پشاور سمیت نوشہرہ،چارسدہ ، مردان ، چترال ، دیر ، سوات ، مالاکنڈ،شانگلہ ، کوہستان ، بٹگرام ، تورغر ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، بونیر ، باجوڑ ، مہمند ، صوابی ، خیبر ، کوہاٹ ، کرک ، ہنگو ، کرم، اورکزئی ، لکی مروت ،بنوں ، ٹانک ، ڈی آئی خان ، شمالی و جنوبی وزیر ستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبے میں کہیں کہیں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پشاور ،نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، بونیر ، باجوڑ اور دیر میں بارش ہوئی، پشاور میں 39 ملی میٹر، مردان میں 33، مالم جبہ میں 15 اور ایبٹ آباد میں 6 ملی میٹر جبکہ سوات اور دیر میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔