ویب ڈیسک: آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے گرمیوں کی تعطیلات میں مزید توسیع کے فیصلے کو غیر ضروری اور بلاجواز قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو شدید متاثر کرے گا اور بالخصوص میٹرک کی کلاسز کا نصاب مکمل ہونے میں مشکلات پیش آئیں گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کیا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام اسکول اب یکم ستمبر سے کھلیں گے۔ حکومت نے یہ فیصلہ صوبے میں جاری شدید موسمی حالات اور گرمی کی شدت کے پیش نظر کیا۔ اس اعلان کے بعد پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں میں 31 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔
تاہم آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں نجی اسکولز پہلے ہی چھٹیوں کے بعد کھل چکے ہیں اور وہاں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب کے طلبہ کو تین ماہ تک تعلیم سے دور رکھنا ان کے مفاد میں نہیں ہے اور اس سے تعلیمی معیار پر منفی اثر پڑے گا۔
ایسوسی ایشن نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور اسکولوں کو فوری طور پر کھولنے کی اجازت دیں تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی نقصان پورا کرنے کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے طویل المدتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔