(ویب ڈیسک )آج کل گھر بیٹھے انٹرنیٹ پر کام کرنا، آن لائن موویز یا ڈرامے دیکھنا اور ویڈیوز اسٹریم کرنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے، لیکن جیسے ہی وائی فائی کی رفتار سست ہو جائے تو سارا موڈ خراب ہو جاتا ہے۔
چاہے آپ کا کام ہو یا تفریح، انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ سب کے لیے ضروری ہے۔ گھروں میں زیادہ تر انحصار وائی فائی پر ہوتا ہے، مگر اکثر یہ اس حد تک سست ہو جاتا ہے کہ برداشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اگر آپ بھی یہی پریشانی جھیل رہے ہیں تو ایک انتہائی آسان اور مؤثر ٹِرک سے آپ اپنا وائی فائی تیز کر سکتے ہیں — اور وہ ہے راؤٹر کو ری بوٹ کرنا۔
راؤٹر ری بوٹ کرنا کیوں ضروری ہے؟
راؤٹر اصل میں وہ ڈیوائس ہوتا ہے جو موڈیم سے انٹرنیٹ کنکشن حاصل کرکے اسے وائرلیس سگنل میں تبدیل کرتا ہے تاکہ آپ کے موبائل، کمپیوٹر یا ٹی وی جیسے آلات انٹرنیٹ سے جڑ سکیں۔
وقت کے ساتھ راؤٹر میں چھوٹے موٹے سافٹ ویئر بگز یا عارضی تکنیکی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جن سے:
انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو جاتی ہے
ویڈیوز بفر کرنے لگتی ہیں
ڈیوائسز بار بار ڈس کنکٹ ہو جاتی ہیں
گھر کے کچھ حصوں میں سگنلز نہیں آتے
ایسے میں راؤٹر کو ری بوٹ کرنا بہت فائدہ مند ہوتا ہے، کیونکہ یہ تمام مسائل عارضی ہوتے ہیں اور راؤٹر کو دوبارہ شروع کرنے سے دور ہو سکتے ہیں۔
راؤٹر کو کب اور کیسے ری بوٹ کریں؟
زیادہ تر گھروں یا دفاتر میں ماہ میں ایک بار راؤٹر کو ری بوٹ کرنا کافی ہوتا ہے تاکہ وائی فائی کی کارکردگی بہتر رہے۔
ری بوٹ کا مطلب یہ نہیں کہ راؤٹر کو مکمل ری سیٹ کریں، کیونکہ فیکٹری ری سیٹ سے آپ کی تمام سیٹنگز ختم ہو جائیں گی۔ ری بوٹ کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے:
راؤٹر کا پاور بٹن بند کریں
30 سیکنڈز سے 1 منٹ تک انتظار کریں
دوبارہ آن کریں
کچھ راؤٹرز کو آپ موبائل ایپ یا ویب انٹرفیس کے ذریعے بھی ری بوٹ کر سکتے ہیں، مگر وہ طریقہ سب کے لیے آسان نہیں ہوتا۔