پنجاب میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس متعارف کرانے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) پنجاب میں ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس  متعارف کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کی سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے کے پسماندہ علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی میں منعقدہ لیڈرشپ سمٹ کے دوران بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انوشہ رحمان نے کہا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے دیہات، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں تک بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ عوام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کا رجحان موجود ہے، لیکن سہولیات کی کمی ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے "کنیکٹ دی اَن کنیکٹڈ" کے نام سے ایک خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ جلد ہی سرکاری سطح پر سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ سروس کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ جدید کنیکٹیویٹی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  آئندہ چار برسوں میں 60 لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News