(ویب ڈیسک ) بیجنگ میں ہیومنائیڈ روبوٹس کے حیرت انگیز رقص کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ 'ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز' میں چینی انجینئرز کے تیار کردہ ہیومنائیڈ روبوٹس نے اپنے شاندار، متوازن اور پیچیدہ ڈانس مووز کے ذریعے دنیا بھر کے ماہرین اور حاضرین کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا ہے۔
اگست کے آخری ہفتے میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے اس عالمی مقابلے میں متعدد چینی کمپنیوں اور ریسرچ اداروں نے اپنے جدید ترین ماڈلز نمائش کے لیے پیش کیے۔
روبوٹس نے موسیقی کی تیز دھنوں پر انسانی جسم کی مانند جھکتے، مڑتے اور قدم سے قدم ملاتے ہوئے کمال مہارت کے ساتھ پرفارم کیا، جس دوران ان کا توازن اور حرکات مکمل طور پر ایک پیشہ ور ڈانسر جیسی دکھائی دیں۔
ہال میں موجود تماشائیوں نے ہیومنائیڈ روبوٹس کی اس صلاحیت پر تالیاں بجا کر داد دی، جبکہ ایونٹ سے سامنے آنے والی رقص کی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔