(ویب ڈیسک ) لاہور میں چیکنگ کے دوران خاتون نے لیڈی کانسٹیبل کے سر پر بوتل مار دی۔
لاہور کے علاقے محمود بوٹی پولیس ناکے پر دورانِ چیکنگ ایک خاتون نے لیڈی کانسٹیبل پر بوتل دے ماری، جس کے نتیجے میں اہلکار شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد ملزمہ کو حراست میں لے کر تھانہ مناواں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا گیا جس میں سمیرا نامی خاتون دیگر افراد کے ساتھ سوار تھی۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمہ لفٹ لے کر لاہور سے باہر جا رہی تھی۔ چیکنگ کے دوران تلخ کلامی ہوئی جس پر خاتون نے اچانک بوتل لیڈی کانسٹیبل رباب کے سر پر دے ماری، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ سمیرا کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔