معروف بھارتی اداکارہ ہماقریشی  کے کزن کو قتل کردیا گیا

معروف بھارتی اداکارہ ہماقریشی  کے کزن کو قتل کردیا گیا

(ویب ڈیسک ) نئی دہلی میں بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے چچا زاد بھائی آصف قریشی کو ان کے گھر کے باہر پارکنگ کے تنازع پر نوجوانوں نے چاقو مار کر قتل کر دیا۔

واقعہ جمعرات کی رات نظام الدین علاقے میں پیش آیا جب آصف نے دو پڑوسی نوجوانوں سے گھر کے سامنے سے  اسکوٹر ہٹانے کو کہا۔ معمولی جھگڑا بڑھ گیا اور 19 سالہ اُجوال اور 18 سالہ گوتم نامی ملزمان نے واپس آ کر آصف پر چاقو سے وار کر دیا۔

آصف کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ واردات کے وقت ان کی اہلیہ سیناز قریشی بھی موجود تھیں، جو اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک ملزم نے آصف کو گریبان سے پکڑ کر سینے پر وار کیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان افراد کے درمیان پہلے بھی پارکنگ کو لے کر تنازع ہو چکا تھا، جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

Watch Live Public News