(ویب ڈیسک ) پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) کے آئی ٹی نظام پر سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں کچھ سسٹمز رینسم ویئر کا نشانہ بنے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر کے آگاہ کر دیا ہے۔
پی پی ایل کے مطابق، 6 اگست کو پیش آنے والے اس واقعے کے فوراً بعد سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز کو متحرک کیا گیا اور بروقت ردعمل کے طور پر غیر ضروری آئی ٹی سروسز کو احتیاطاً عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
کمپنی نے بتایا کہ ان کی آئی ٹی اور سائبر سیکیورٹی ٹیموں نے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے، اور اب تک کی تحقیقات کے مطابق کسی اہم یا حساس کاروباری ڈیٹا کے متاثر ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
پی پی ایل کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل کنٹرول ہے اور سسٹمز کی بحالی کا عمل جاری ہے۔