ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹس پر انتہائی سخت سکیورٹی سیٹنگز لاگو کر سکتے ہیں۔
میٹا کی ملکیت رکھنے والا یہ پلیٹ فارم اب ایک ایسا نیا پرائیویسی آپشن فراہم کر رہا ہے جو صارفین کو آن لائن خطرات کے خلاف بہت مضبوط تحفظ دیتا ہے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس کی معلومات دینے والی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا اِنفو کے مطابق یوزرز کو اب متعدد سیٹنگز کو الگ الگ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ صرف ایک بٹن دبا کر اپنی سکیورٹی کو ’میکسیمم لیول‘ پر لے جا سکتے ہیں۔
اس فیچر کو آن کرنے کے بعد واٹس ایپ خودکار طور پر اپنی تمام مضبوط ترین سکیورٹی خصوصیات فعال کر دیتا ہے اور یوزر کو کچھ بھی مینوئلی سیٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
صارفین جب چاہیں سخت سکیورٹی موڈ کو بند بھی کر سکتے ہیں، لیکن ٹو ویری فکیشن اسٹیپ جیسے اہم حفاظتی فیچرز فعال ہی رہیں گے تاکہ اکاؤنٹ مکمل طور پر محفوظ رہے۔
اس نئے فیچر کے بعد واٹس ایپ مزید محفوظ ہو جاتا ہے، کیونکہ نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجی گئی فائلیں بلاک ہوجائیں گی، لنک پری ویو بند ہوگا تاکہ فون کی ٹیکنیکل معلومات ظاہر نہ ہوں اور اجنبی نمبروں کی کالز خودکار طور پر میوٹ کر دی جائیں گی۔
علاوہ ازیں گروپ چیٹ کی سکیورٹی بھی سخت ہوجائے گی اور اب صرف وہی لوگ آپ کو گروپ میں شامل کر سکیں گے جو آپ کے کانٹیکٹس میں موجود ہیں۔ اس طرح ناپسندیدہ چیٹس سے بچاؤ ممکن ہو جائے گا۔
فی الحال یہ فیچر واٹس ایپ بیٹا کے نئے ورژن پر موجود کچھ آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہے جبکہ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔