ویب ڈیسک: بسنت کے رنگ ایک بار پھر لاہور کی فضا میں بکھر گئے، جہاں لاہوریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفارتکار اور شوبز انڈسٹری کے معروف ستارے بھی اس تہوار کی رونقوں میں شریک نظر آئے۔
دہلی گیٹ لاہور میں منعقدہ بسنت کی تقریب میں شوبز انڈسٹری کے نامور فنکار کراچی اور بیرونِ ملک سے خصوصی طور پر شرکت کے لیے پہنچے۔ تقریب میں اداکار یاسر حسین، میکال ذوالفقار، عدیل اور محب مرزا کے ساتھ اداکارہ جگن کاظم، علی زرغون، فریال خان، گوہر اور آمنہ بھی شریک ہوئیں۔
اداکاروں اور فنکاروں نے بسنت کی بحالی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ اداکار عدیل اور اداکارہ آمنہ نے خود کو مریم نواز کا مداح قرار دیا، جبکہ میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ لاہور اور بسنت ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں اور بسنت کی واپسی خوش آئند ہے۔
اداکار عدیل نے کہا کہ بسنت کی بحالی کا سہرا وزیراعلیٰ مریم نواز کے سر جاتا ہے اور اس تہوار کے ذریعے 350 ملین روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا ہے۔
اداکار یاسر حسین نے بسنت کے کامیاب انعقاد پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے۔ اداکار محب مرزا نے کہا کہ لاہور کی سڑکیں بسنت کے رنگوں اور خوشیوں سے بھر گئی ہیں اور اس تہوار کی واپسی نے شہر کو ایک بار پھر جگمگا دیا ہے۔
تقریب میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر بھی پیلے رنگ کی شرٹ میں بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچیں، جہاں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر صہیب بھرت بھی موجود تھے۔
بسنت کی تقریب میں امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری جان مارک، قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز، صدف سعد، پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفراز نے بھی شرکت کی۔ نیٹلی بیکر نے بسنت کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا، جبکہ مہمانوں کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔