ویب ڈیسک : خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 813ویں عرس پر پاکستانی زائرین پر سخت نگرانی اور پہرے، بھارتی حکومت نے ایک زائر پر دو پولیس کے سپاہی تعینات کردئیے ۔
پاکستانی زائرین کو سخت ترین پہرے اور نگرانی میں چھٹی کے روز درگاہ پر حاضری کی اجازت دی گئی ۔ اس موقع پر پاکستانی زائرین نعتیں پڑھتے ہوئے درگاہ شریف پہنچے جہاں انہوں نے چادر چڑھائی اور پاک بھارت بہتر تعلقات کے لیے بھی دعائیں کیں۔ سخت سکیورٹی کے درمیان پاکستانی زائرین کو ان کی قیام گاہ سے درگاہ لایا گیا اور زیارت کے بعد واپس پہنچا دیا گیا۔
پولیس نے پاکستانی زائرین کو میڈیا سے بات کرنے کی بھی اجازت بھی نہیں دی جبکہ ہر پاکستانی زائر کے ساتھ دو پولیس اہلکار نگرانی کے لیے موجود تھے۔ چوڑی بازار میں واقع سنٹرل گرلز اسکول سے 10 پاکستانی زائرین کے ایک گروپ کو 20 پولیس اہلکاروں اور افسران کی نگرانی اور گھیرے میں درگاہ لایا گیا۔
پاکستانی زائرین منگل کی صبح 3.17 بجے دہلی سے چیتک ایکسپریس ٹرین کے ذریعے اجمیر پہنچے۔ اس بار پاکستان سے صرف 89 پاکستانی زائرین اجمیر آئے ہیں۔ زائرین 10 جنوری کو ہونے والی بڑے قل کی تقریب تک اجمیر میں ہی قیام کریں گے۔ اس کے بعد وہ 3:30 بجے شتابدی ٹرین سے دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔