ویب ڈیسک: روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے جمہوریہ تاتارستان کے شہر کازان سے آئے طلبہ کے وفد کی ملاقات، سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی سفارت خانے ماسکو میں طلبہ کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفد میں کازان فیڈرل یونیورسٹی، کازان اسٹیٹ پاور انجینئرنگ یونیورسٹی اور رشین اسٹیٹ یونیورسٹی آف جسٹس کی کازان برانچ کے طلبہ شامل تھے۔ طلبہ کا تعلق کازان کی اکیڈمی آف یوتھ ڈپلومیسی کے ’’یوتھ ایمبیسیڈرز پروگرام‘‘ سے ہے۔ ملاقات میں پاکستان کی ثقافت، عوام، پاک روس تعلقات اور تعلیمی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی طلبہ نے پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور معاشرتی روایات میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے سفیر پاکستان سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ نوجوان نسل دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ مختلف ممالک کی ثقافت اور روایات سے آگاہی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور وسیع تر سوچ کے دروازے کھولتی ہے۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی طلبہ کو پاکستان کے دورے اور ملک کے شاندار ثقافتی ورثے اور روایتی مہمان نوازی سے روشناس ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سفارت خانے کا یہ دورہ روسی طلبہ کو پاکستان کو مزید قریب سے جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرے گا۔