(ویب ڈیسک ) کرک میں شہید ہونے والے 3 جوانوں کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 جنوری 2025 کو ضلع کرک میں فتنہ الخوراج کےدہشتگردوں کیخلاف دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے لانس حوالدار عباس علی شہید، نائیک محمد نذیر شہید اور نائیک محمد عثمان شہید کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ، ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔