”جھوٹے مقدمات پر شہزاد اکبر کو سزا دی جائے“

”جھوٹے مقدمات پر شہزاد اکبر کو سزا دی جائے“
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جھوٹے مقدمات بنانے پر وزیراعظم، چئیرمین نیب اور شہزاد اکبر کو سزا دی جائے ،سپریم کورٹ، ہائی کورٹس کے فیصلے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ ایک بیان میں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعلی عدلیہ کے فیصلوں کے بعد شرم ہو تو عمران صاحب، چئیرمین نیب اور شہزاد اکبر کو استعفی دینا چاہئے ،اپوزیشن کو سیاسی انتقام پر سزائے موت کی چکیوں اور قید خانوں میں رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ، مقدمات بننے چاہئیں،3 سال میں جھوٹے مقدمات، بے بنیاد الزامات اور تہمتیں لگانے والوں کے چہرے جھوٹ کی سیاہی سے داغدار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف،شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل سمیت دیگر رہنماوں کے خلاف مقدمات میں عدالتی فیصلے سیاسی انتقام بے نقاب کرچکے ہیں ،عمران صاحب، چئیرمین نیب اور شہزاد اکبر کے خلاف مقدمات قائم ہونے چاہئیں، قوم کے وسائل جھوٹے مقدمات پر ضائع کرنے کا حساب لیاجائے ،پوچھا جائے کہ کیوں جھوٹے الزامات لگائے، تین سال اور اس سے پہلے میڈیا ٹرائل کیاگیا؟۔ مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے کہا کہ ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہونا، کوئی ثبوت نہ ہونا، عمران صاحب کے جھوٹے بیانیے کی موت ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کے امیج، ملک میں معاشی گروتھ اور عوام کے اعتماد کو اپنے جھوٹے بیانیے سے ٹھیس پہنچائی ،ملک کو 5.8 فیصد شرح ترقی، 3 فیصد مہنگائی، دوکروڑ افراد کو خط غربت سے نکالنے والے سزائے موت کی چکیوں میں قید کئے گئے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹا چینی، دوائی، ایل این جی، رنگ روڈ کے لٹیرے اور چور اقتدار کے ایوانوں میں ہیں ،ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے، صنعت زراعت کا پہیہ چلانے، تعلیم اور صحت کے منصوبے لانے والوں کے مقدر میں قید خانہ ہے ،ووٹ چور، معیشت چور، تعلیم اور علاج مہنگا کرنے، مفت دوائیاں چھیننے والے اقتدار کے ایوانوں میں ہیں۔

Watch Live Public News