ویب ڈیسک: بھارت میں ایک انوکھا واقعہ اس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف اس بنیاد پر شکایت درج کرا دی کہ وہ اسے انسٹاگرام استعمال کرنے سے روکتا ہے اور گھریلو کاموں پر مجبور کرتا ہے۔
خاتون نے خواتین کے تحفظ کے ادارے میں دی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ شوہر اس کی ذاتی آزادی میں مداخلت کرتا ہے، سوشل میڈیا کے استعمال سے روکتا ہے، اور اسے روزانہ کے تمام گھریلو کام جیسے صفائی، کھانا پکانا اور برتن دھونا کرنے پر مجبور کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، متعلقہ ادارے نے معاملے کو ذہنی ہراسانی اور جبری کنٹرول کے زاویے سے دیکھنا شروع کر دیا ہے۔ شکایت کا جائزہ لیتے ہوئے حکام نے کہا ہے کہ خاتون کی آزادی رائے اور ذاتی وقت کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ بیوی کو سوشل میڈیا استعمال کرنے سے روکنا اس کی آزادی پر قدغن ہے، جبکہ کچھ افراد کا ماننا ہے کہ شوہر کی ہدایات گھریلو نظم و ضبط کا حصہ ہیں۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں نے بھی معاملے پر نظر رکھی ہوئی ہے۔