جسٹس سرفراز ڈوگر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا

جسٹس سرفراز ڈوگر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا
کیپشن: جسٹس سرفراز ڈوگر نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔

تقریب میں سینئر وکلاء، اعلیٰ حکومتی عہدیداران اور اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شامل تھے۔

اس سے قبل سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے نومنتخب چیف جسٹس صاحبان بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا چکے ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حلف لیا، جبکہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حلف لیا۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چاروں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی، جن میں جسٹس سرفراز ڈوگر (اسلام آباد)، جسٹس جنید غفار (سندھ)، جسٹس عتیق شاہ (پشاور) اور جسٹس روزی خان (بلوچستان) شامل ہیں۔

Watch Live Public News