عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی جانوروں کی قربانی جاری

عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی جانوروں کی قربانی جاری
کیپشن: عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن بھی جانوروں کی قربانی جاری

ویب ڈیسک: پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن مذہبی جوش و خروش اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہری سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، تاہم روایتی طور پر دوسرے دن جانوروں کی قربانی کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، جبکہ صفائی کے لیے مختص عملہ گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے میں مصروف نظر آ رہا ہے۔ سیکیورٹی کے پیشِ نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کی سڑکوں پر معمول سے کم رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ پردیسیوں کا عید منانے کے لیے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنا ہے۔

قربانی کے بعد شہری رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے کے لیے گھروں اور تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔ نوجوان طبقہ سیر و تفریح اور دعوتوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے، جبکہ بچے جھولوں اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

گھروں میں مہمان نوازی کے لیے مختلف پکوان تیار کیے جا رہے ہیں، آج کے میزبان کل کے مہمان ہوں گے اور عید کی خوشیاں باہمی ملاقاتوں سے مزید بڑھ جائیں گی۔ خواتین زیادہ تر وقت گوشت کی تقسیم اور گھریلو امور میں صرف کر رہی ہیں، جبکہ بزرگ افراد اپنی روایتی محفلوں میں مشغول دکھائی دے رہے ہیں۔

Watch Live Public News