ویب ڈیسک: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس ( ASF) کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ شہدائے اے ایس ایف ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ تمام ائیرپورٹس، اے ایس ایف ہیڈکوارٹرز اور ذیلی یونٹس میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یومِ شہداء کی تقریبات کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا سے ہوا۔ اس موقع پر اے ایس ایف کے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پھول چڑھائے گئے۔ لواحقین سے ملاقات کی گئی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔
مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈکوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل آصف جاہ شاد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور اجتماعی دعا میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈی جی کا خصوصی پیغام تمام یونٹس میں پڑھ کر سنایا گیا۔
ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل آصف جاہ شاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "جون 2014 قربانی اور بہادری کی روشن مثال ہے، وطن پر جان نچھاور کرنے والے سپوتوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، اے ایس ایف اور تمام سیکیورٹی ادارے ملک کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں، اور اے ایس ایف کے جوان ہر لمحہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔
اس پر وقار دن کے موقع پر شہداء کو یاد کر کے ان کی قربانیوں کے جذبے کو سلام پیش کیا گیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔