ویب ڈیسک: عید الاضحیٰ مسلمانوں کے لیے ایک مذہبی اہمیت کا حامل تہوار ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر جہاں جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے، وہیں لذیذ کھانوں اور گوشت کے بھرپور استعمال کا رجحان بھی دیکھنے میں آتا ہے۔ تاہم، زیادہ گوشت کھانے سے مختلف طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جن سے بچنے کے لیے ماہرین صحت چند اہم تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
1۔ گوشت کی صفائی اور صحیح پکانا ضروری:
قربانی کے گوشت کو پکانے سے پہلے اچھی طرح دھونا اور مکمل گلانا ضروری ہے۔ اگر گوشت سخت ہو تو قدرتی گلانے والے اجزاء جیسے پپیتا استعمال کریں۔
2۔ اعتدال میں کھانا فائدہ مند:
صحت مند رہنے کا بنیادی اصول ہے کہ کھانے میں توازن رکھا جائے۔ بھوک سے کچھ کم کھانا اور گوشت کی مناسب مقدار معدے کو بوجھ سے بچاتی ہے۔
3۔ کولا ڈرنکس سے پرہیز، لیموں پانی یا لسی کا استعمال:
کھانے کے ساتھ کولا مشروبات سے پرہیز کریں، اور اس کے بجائے لیموں پانی یا نمکین لسی کا استعمال ہاضمے میں مددگار ہوتا ہے۔
4۔ دیسی قہوہ سے ہاضمہ بہتر بنائیں:
کھانے کے بعد پودینہ، سونف، دارچینی اور الائچی سے تیار کردہ قہوہ پینا گوشت ہضم کرنے میں مفید ہے۔
5۔ اچار اور سلاد کو معمول بنائیں:
گوشت کے سالن کے ساتھ تھوڑی مقدار میں اچار اور سلاد شامل کرنے سے کھانا آسانی سے ہضم ہوتا ہے۔
6۔ طبی علامات پر فوری ایکشن لیں:
اگر کھانے کے بعد پیٹ درد، قے یا متلی کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں اور ضرورت کے مطابق ORS یا لیموں پانی دیں۔
7۔ نیم پکا گوشت ہرگز استعمال نہ کریں:
نیم پکا یا کچا گوشت صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، ہمیشہ مکمل پکا ہوا گوشت ہی استعمال کریں۔
8۔ قبض سے بچاؤ کے لیے قدرتی اجزاء کا سہارا:
اگر گوشت کھانے سے قبض کی شکایت ہو تو اسپغول اور دہی کا استعمال کریں۔ سالن میں زیتون کا تیل شامل کرنا بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
9۔ پیٹ کی تکالیف کے لیے دیسی علاج:
کچے ناریل کا پانی، لیمن گراس قہوہ اور کھانے کے بعد مٹھی بھر سونف بدہضمی اور پیٹ کے اپھارے کو کم کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان آسان اور گھریلو تدابیر پر عمل کر کے عید کی خوشیوں کو صحت مندانہ طریقے سے منایا جا سکتا ہے، اور معدے سے متعلق مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔