ویب ڈیسک: ایران نے اسرائیلی علاقوں کی جانب میزائلوں کی نئی اور شدید لہر داغ دی ہے، جس کے بعد اسرائیل کے سب سے بڑے "بن گوریان انٹرنیشنل ایئرپورٹ” پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسرائیل کی حالیہ فضائی کارروائیوں کے جواب میں ایران نے "جواب الجواب" آپریشن کے تحت اسرائیلی علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ ایرانی پاسداران انقلاب اور عسکری حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ حملے محض ایک وارننگ ہیں اور اگر اسرائیل دوبارہ کوئی حماقت کرے گا تو ایران کا ردعمل شدید اور تباہ کن ہوگا۔
ایرانی حکام نے مزید کہا کہ اگر لبنان اور بیروت پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو ایران اپنی جوابی کارروائی کا دائرہ وسیع کر سکتا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے آغاز سے ہی وہ خطے میں، خصوصاً لبنان میں، مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم اسرائیلی جارحیت کا جواب دینا اس کا دفاعی حق ہے۔
اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی میزائلوں کی نئی لہر اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے، تاہم فضائی دفاعی نظام خطرات کو ناکارہ بنانے اور میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔
اسرائیلی ریڈیو پر عوام کو باقاعدہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ فضائی حملے اور موجودہ کشیدہ صورتحال کئی دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری ہے۔