لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک اور مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے خلاف اسلام آباد تھانے میں درج نئے مقدمے میں حفاظی ضمانت کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے، کہ جس میں آئی جی اسلام آباد اور دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدلیہ سے اظہار یکجہتی کی ریلی نکالنے پر میرے خلاف اسلام آباد کے مارگلہ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ، آئین کے تحت پر امن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بلا جواز مقدمہ درج کیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ مؤقف پیش کرنے کے لئے حاضر ہونا چاہتا ہوں، تاہم تحقیقات میں پیش ہونے سے قبل گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تحقیقات میں پیش ہونے کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کرے ۔