ویب ڈیسک: سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے بھارتی مقاصد بتاتے ہوئےکہا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنے کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ روز بھارت کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، نا صرف پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے بلکہ پاکستان آرمی نے بھی ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 سے زائد اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے ہیں، اس پر سینیئر صحافی حامد میر نے اہم خبر دیتے ہوئے کہا کہ شدید نقصانات کے بعد بھارت کی جانب سے اپنے طیارے پاکستان بھیجنے سے گریز کیا گیا کہیں پاک فضائیہ انہیں تباہ نہ کردے، اس کے بجائے بھارت نے ڈرون بھیجے۔
بھارت ڈرون بھیج کر پاکستان میں خوف پھیلانا چاہتا ہے، راولپنڈی میں جو ڈرون پاکستان نے گرایا وہ حملہ آور ڈرون تھا اور اس نے فائر بھی کیا تھا، اس حملے کے باعث راولپنڈی میں شیڈول آج ہونے والا پی ایس ایل کا میچ منسوخ کرکے کراچی منتقل کردیا گیا۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ ڈرون کا دوسرا مقصد بے یقینی پھیلا کر قومی یکجہتی کو نشانہ بنانا تھا اور ساتھ ہی وہ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی چیک کرنا چاہتے تھے اور لوکیشن جاننا چاہتے تھے۔
حامد میر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں ڈرون گرانے کے بعد بھارت دباؤ میں بھی تھا اور بھارتی وزارت دفاع کو وضاحت کرنا پڑی کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں ڈرون حملوں کے جواب میں یہ اقدام کیا گیا ہے۔