روس نے اقوامِ متحدہ میں ایران کے خلاف امریکی قرارداد مسترد کر دی

روس نے اقوامِ متحدہ میں ایران کے خلاف امریکی قرارداد مسترد کر دی
کیپشن: روس نے اقوامِ متحدہ میں ایران کے خلاف امریکی قرارداد مسترد کر دی

ویب ڈیسک: اقوامِ متحدہ میں روس کے مستقل مندوب نے ایران کے خلاف امریکا کی مجوزہ قرارداد کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے خلیج فارس میں کشیدگی بڑھانے کی ایک اور کوشش قرار دے دیا۔

یہ بیان سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس میں خلیج فارس کی بحری سلامتی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ روسی مندوب ویسلی نیبینزیا نے کہا کہ ماسکو کسی بھی ایسی قرارداد کی حمایت نہیں کرے گا جو صرف ایران کو نشانہ بنائے اور خطے میں جاری بحران کی بنیادی وجوہات کو نظر انداز کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یکطرفہ اور تعصب پر مبنی قراردادیں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی نئی لہر پیدا کر سکتی ہیں۔

نیبینزیا نے واضح کیا کہ خلیج فارس میں بحری سلامتی صرف مذمت یا اشتعال انگیز اقدامات سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ جاری تنازعات کا خاتمہ کیا جائے اور فوجی کارروائیوں کو روکا جائے۔ روس نے سیکیورٹی کونسل کے تمام رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں اور تصادم پر مبنی قراردادیں پیش نہ کریں۔

واضح رہے کہ امریکا نے بحرین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کی حمایت سے یہ قرارداد پیش کی تھی، جس میں ایران سے آبنائے ہرمز میں حملے روکنے اور ٹول ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News