لاہور: ( پبلک نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کے کیسز کی شرح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عوام کو اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے کل 1943 بیڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 1004 اس وقت خالی ہیں۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں 1034 بیڈز مختص ہیں جن میں سے 459 بیڈز خالی ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق میو ہسپتال میں 111، جناح ہسپتال میں 79، جنرل ہسپتال میں 64، سروسز ہسپتال میں 33، گنگا رام ہسپتال میں 71 بیڈز ایکسپو سینٹر ڈینگی فیلڈ ہسپتال میں 371، شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں 53 بیڈز جبکہ چلڈرن ہسپتال میں 45 بیڈز خالی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی مرض کے علاج کے لئے ڈاکٹرز، ادویات اور دیگر طبی سہولیات میسر ہیں۔