ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
وہ کئی بار قومی و صوبائی اسمبلی کے رکن رہ چکے تھے اور ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں سینیٹر بھی رہے۔ لعل محمد خان کا سیاسی سفر ابتدائی دور سے ہی پیپلز پارٹی کے ساتھ وابستہ تھا اور وہ پارٹی کے وفادار رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔
خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے لعل محمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر نے مرحوم کی درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ لعل محمد خان نے اپنی سیاسی زندگی میں عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنایا اور ان کی پیپلز پارٹی کے لیے خدمات اور عوامی سیاست میں کردار خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
لعل محمد خان کی سیاسی زندگی کو سراہتے ہوئے گورنر نے مزید کہا کہ ان کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات پیپلز پارٹی کے لیے ایک اثاثہ تھیں اور ان کا نام ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ لیا جائے گا۔