راہول گاندھی کی آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ پر کڑی تنقید

راہول گاندھی کی آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ پر کڑی تنقید

ویب ڈیسک: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے ایک انتخابی جلسے میں وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’انہیں بیٹ پکڑنا بھی نہیں آتا، لیکن وہ دنیا کی کرکٹ کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔‘‘ 

بھارتی میڈیا کے مطابق بھگلپور میں انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی نے کہا ’’اگر آپ اڈانی، امبانی یا امت شاہ کے بیٹے نہیں ہیں تو آپ بڑے خواب نہیں دیکھ سکتے۔ امت شاہ کا بیٹا ( جے شاہ) بیٹ پکڑنا نہیں جانتا، رن بنانا تو دور کی بات، لیکن وہ کرکٹ کا سربراہ ہے، سب کچھ کنٹرول کرتا ہے۔ آخر کیوں؟ صرف پیسے کی وجہ سے۔‘‘

راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ ملک میں کھیلوں اور کاروبار سمیت ہر بڑے شعبے پر چند امیر گھرانے قابض ہیں، اور عام نوجوانوں کے لیے آگے بڑھنے کے دروازے بند ہیں۔

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے جی ایس ٹی (GST) نافذ کر کے کسانوں، مزدوروں اور چھوٹے کاروباریوں کو نقصان پہنچایا،این ڈی اے حکومت غریبوں کی زمین چھین کر اڈانی اور امبانی جیسے بڑے صنعت کاروں کو دے رہی ہے۔

واضح رہے کہ بہار اسمبلی کی 243 نشستوں میں سے 122 نشستوں پر دوسرے مرحلے کا الیکشن 11 نومبر کو ہوگا، جبکہ نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔

Watch Live Public News