برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کا بھارت کیلئے ویزا قوانین نرم نہ کرنے کا اعلان

برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کا بھارت کیلئے ویزا قوانین نرم نہ کرنے کا اعلان
کیپشن: برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کا بھارت کیلئے ویزا قوانین نرم نہ کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی حکومت بھارت کے لیے ویزا پالیسی میں کسی نرمی کا ارادہ نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا ہے کہ برطانیہ اپنے امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل کرے گا اور کسی ملک کے لیے خصوصی رعایت نہیں دی جائے گی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، وزیرِاعظم اسٹارمر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد امیگریشن نظام کو منصفانہ اور متوازن رکھنا ہے، تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پہلے ہی بڑی تعداد میں غیر ملکی طلبہ اور افرادی قوت موجود ہے، اس لیے مزید نرمی قومی مفاد کے مطابق نہیں ہوگی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کی جانب سے لندن کے ساتھ نئی تجارتی ڈیل (Free Trade Agreement) کے مذاکرات میں ویزا سہولتوں کو شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔ بھارتی حکام چاہتے ہیں کہ برطانیہ بھارتی طلبہ، انجینئرز اور کاروباری افراد کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنائے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

تاہم اسٹارمر نے واضح کیا کہ "تجارتی معاہدے اپنی جگہ اہم ہیں، مگر برطانیہ کے امیگریشن قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت، عوامی مفاد اور مقامی روزگار کے تحفظ کو اولین ترجیح دینی ہے۔"

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، برطانیہ کی نئی حکومت بھارت کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کی خواہاں ضرور ہے لیکن وہ امیگریشن پالیسی کو گھریلو سیاسی دباؤ کے تحت نرم کرنے سے گریز کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی برطانوی حکومتوں نے بھارت کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی تجاویز پر محتاط رویہ اپنایا تھا، تاہم اسٹارمر کے حالیہ بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ نئی حکومت بھی اسی پالیسی کو برقرار رکھے گی۔

Watch Live Public News