اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ بارشوںاور سیلابی صورتحال کے باعث 13 قومی و صوبائی حلقوں میں الیکشنز کو ملتوی کردیا ہے. تفصیلات کے مطابق ای سی پی نے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں الیکشن ملتوی کیا ہے۔ ضمنی الیکشن کے باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے جبکہ حالات کی بہتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دستیابی پر نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے. سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ ، کے پی اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمد ورفت مخدوش ہو چکے ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان سیلاب متاثرین کی ریلیف میں مصروف ہیں. سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ سے ضمنی انتخابات کے لیے پاک فوج، رینجرز طلب کی تھی، قومی ایمرجنسی کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کے لئے انکی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی الیکشن کمشنرسندھ ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کو ناممکن قرار دے دیا ہے، مختلف سرکاری عمارتوں میں سیلاب متاثرین کو رکھا گیا ہے، جہاں سے امدادی خوارک کی ترسیل کی جارہی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ضمنی انتخابات میں پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیلبری کی امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے دستیابی ضروری ہے، ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیاجاتا ہے، باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے، یہ فیصلہ مفاد عامہ کے تحت کیا گیا ہے تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے 25 ستمبر کو 9 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات بھی ملتوی کر دیے ہیں ، الیکشن کمیشن نے این 22، این اے 24، این اے 31 ، این اے 45، این اے 108، این اے 118، این اے 237 میں بھی ضمنی انتخاب ملتوی کردیے ہیں،اس کے علاوہ این اے 239 این 246 میں بھی ضمنی انتخاب کو ملتوی کر دیا گیا ہے، پی پی 209 خانیوال میں 2 اکتوبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔