جنوبی وزیرستان میں قبائلی رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکا، بیٹا جاں بحق

جنوبی وزیرستان میں قبائلی رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکا، بیٹا جاں بحق
کیپشن: جنوبی وزیرستان میں قبائلی رہنما کی گاڑی کے قریب دھماکا، بیٹا جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں گاڑی کے قریب دھماکے میں قبائلی رہنما ملک جمیل کا بیٹا جاں بحق جبکہ رہنما سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے گاؤں کڑی کوٹ میں قبائلی رہنما ملک جمیل کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملک جمیل علاقہ کڑی کوٹ سے وانا بازار جا رہے تھے کہ راستے میں سڑک کنارے ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ان کا بیٹا شمس الدین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں موجود قبائلی رہنما ملک جمیل اور 2 راہگیر سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

بعدازاں قبائلی رہنما ملک جمیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

Watch Live Public News