حکومت کے تین بڑوں کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدرآصف زرداری، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی عدلیہ کے ججز کی تقرری اور جوڈیشل کونسل سے متعلق قوانین میں ترامیم پر مشاورت ہوئی، سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی تجویز پر غور ہوا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کا صرف پوسٹ آفس کا کردار ختم کرنے کی سفارش کی گئی، پارلیمانی کمیٹی کو مزید با اختیار بنانے کے لیے تجاویز آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کو مزید با اختیار بنانے کےلیے فاروق نائیک کی تجاویز کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پارلیمانی ججز کمیٹی کے ذریعے اعلی عدلیہ میں ججز تقرری ہوگی ۔اس کے علاوہ توہین عدالت کے قانون میں ترامیم پر بھی تینوں میں مشاورت ہوئی۔ حکمران اتحاد کے قانونی و آئینی ماہرین کو عدالتی اصلاحات کے حوالے سے الگ الگ مسودہ قانون تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔