اب آف لائن گمشدہ اینڈرائیڈ فون  تلاش کرنا ممکن، فائنڈ مائی ڈیوائس کا نیا ورژن متعارف

اب آف لائن گمشدہ اینڈرائیڈ فون  تلاش کرنا ممکن، فائنڈ مائی ڈیوائس کا نیا ورژن متعارف

(ویب ڈیسک ) گوگل  کی جانب سے 1 سال کی آزمائش کے بعد فائنڈ مائی ڈیوائس  کا نیا ورژن متعارف کرادیا۔

گوگل نئے فائنڈ مائی ڈیوائس کو سب سے پہلے امریکا اور کینیڈا کے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے متعارف  کرایا ہے  جبکہ آنے والے مہینوں میں اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرادیا جائے گا۔

یہ ٹیکنالوجی ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے نیٹ ورک کو استعمال کرکے آف لائن فونز بھی ڈھونڈنے کی سہولت فراہم کرے گی۔

اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ   فائنڈ مائی ڈیوائس ایپ سے آف لائن فون کو بھی میپ پر دیکھنا ممکن ہوگا۔ گوگل کے مطابق  پکسل 8 اور پکسل 8 پرو اسمارٹ فونز کو پاور آف ہونے یا بیٹری ختم ہونے پر بھی اس ٹول کے ذریعے تلاش کرنا ممکن ہوگا۔

اس کے علاوہ فائنڈ مائی ڈیوائس کے ذریعے اپنی ڈیوائس کی لوکیشن بھی دیگر افراد سے شیئر کر سکیں گے تاکہ دوست یا گھر والے اس قیمتی ڈیوائس پر نظر رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس کی نئی ٹریکنگ ٹیکنالوجی اینڈرائیڈ 9 یا اس کے بعد پر کام کرنے والے آپریٹنگ سسٹمز پر مبنی ڈیوائسز پر ہی کام کرے گی۔

گوگل کے اس نئے فیچر سے  گمشدہ اینڈرائیڈ فون کو انٹرنیٹ کے بغیر ڈھونڈنا ممکن ہو جائے گا۔ 

خیال رہے کہ فائنڈ مائی ڈیوائس سے ابھی بھی فون کو لاک یا اس کا ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے تاہم گمشدہ ڈیوائس کو تلاش کرنے کے لیے فون میں انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت ہوتی ہے۔تاہم  اب آف لائن ٹریکنگ سے فائنڈ مائی ڈیوائس کی یہ خامی دور کردی جائے گی۔

یہ آف لائن ٹریکنگ فون کے بلیو ٹوتھ beacon سگنل کو متحرک رکھ کر ہوگی اور فون بند ہونے پر بھی جاری رہے گی۔

Watch Live Public News