ایشیا کپ ، افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

ایشیا کپ ، افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان
لاہور: ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اے سی سی ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے اٹھارہ رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیا کپ کے سترہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔ ایشیا کپ کے لیے سترہ رکنی پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔جن میں اوپنرز ، عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق شامل ہیں ۔مڈل آرڈر میں بابراعظم ( کپتان )، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، وکٹ کیپرز محمد رضوان اور محمد حارث بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں ۔ اسپنرز میں شاداب خان ( نائب کپتان )، محمد نواز، اسامہ میر جبکہ پیس آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی ٹیم کا حصہ ہیں ۔فاسٹ باولرز حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ افغانستان کے خلاف سیریز کا اٹھارہ رکنی اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، ابراعظم ( کپتان )، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر ، سعود شکیل شامل ہیں ۔وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث،اسپنرز میں شاداب خان ( نائب کپتان )، محمد نواز، اسامہ میراور آل راؤنڈر فہیم اشرف ٹیم کا حصہ ہیں ۔اس کے علاوہ فاسٹ باولر حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر،نسیم شاہ، شاہین آفریدی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں ۔ پچاس اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آعاز30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا۔یہ پہلا موقع ہے کہ 2008ءکے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور گروپ بی میں3 ستمبرکو بنگلہ دیش اور افغانستان جبکہ 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22 اور24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔ پاکستان میں موجود کرکٹرز 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہونگے۔ یہ کرکٹرز 14سے16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔ لنکا پریمیئر لیگ اور ہنڈریڈ میں حصہ لینے والے کرکٹرز18 اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔