ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم ، کہا دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ خطے میں استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیر رہنمائی آرمینیا اور آذربائجان کے درمیان امن معاہدے کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔ یہ وہ خطہ ہے جس نے عشروں سے تنازعات اور انسانی المیوں کا سامنا کیا۔ امید ہے یہ معاہدہ دوسرے علاقائی تنازعات کو حل کرنے کیلئے مثالی ثابت ہو گا۔
شہباز شریف نے تاریخی امن معاہدے پر آذربائجان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آذربائجان کے عوام کے ساتھ کھڑا رہا۔ وزیراعظم نے امن معاہدے میں امریکی صدر کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی میزبانی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے رہنماؤں نے امن معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ملک جنگ کی بجائے تجارت اور اقتصادیات کو ترجیح دیں گے۔ امریکہ آذربائیجان اور آرمینیا سے الگ الگ تجارتی معاہدے کرے گا۔