سرگودھا میں افسوسناک واقعہ، قرض کے بوجھ تلے دبے نوجوان کی مبینہ خود کشی

سرگودھا میں افسوسناک واقعہ، قرض کے بوجھ تلے دبے نوجوان کی مبینہ خود کشی

ویب ڈیسک: بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، بیروزگاری اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ملک کا نوجوان طبقہ یا تو جرائم کے رستے پر چل پڑا ہے یا پھر موت کو گلے لگا رہا ہے، ایک ایسا ہی دل سوز واقعہ منظرعام پر آیا، 24 سالہ نوجوان نے معاشی حالات سے تنگ آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

تفصیلات کےمطابق  صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا میں افسوس ناک واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا، قرض کے بوجھ تلے دبے 24 سالہ محمد طیّب نے مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، جس کی لاش سپورٹس سٹیڈیم کے قریب سے برآمد ہوئی، طیب مقامی ہسپتال میں ملازم تھا جس کی جیب سے قرضوں کی تفصیل والی پرچی بھی برآمد ہوئی، جس پر لکھا تھا کہ ’بس اتنی سی گھر والوں سے التجا ہے کہ میرا ادھار دے دینا تاکہ کچھ عذاب کم ہوسکے‘۔

ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کے بازو پر انجکشن کے نشانات موجود تھے جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے نشہ آور دوا کا استعمال کر کے خودکشی کی۔

یہ تحریر اس نوجوان کی ذہنی کیفیت اور اس پر پڑنے والے شدید دباؤ کو ظاہر کرتی ہے۔

ریسکیو ٹیم نے لاش کو ابتدائی کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد میت کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئےمتوفی کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا تاکہ مزید حقائق سامنے آ سکیں۔

Watch Live Public News