NFRCC' کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں'

NFRCC' کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں'
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریاں تکلیف دہ ہیں، متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر( این ایف آر سی سی ) کے افسران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی خدمت کرنے والوں سے ملاقات قابل فخر ہے، لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال کی سربراہی میں نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ احسن اقبال کی قیادت میں آپ سب نے دن رات محنت کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آپ تمام وسائل بروئے کار لائے، تباہ کن سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوئے، 1700 جانیں ضائع ہوئیں، کھڑی فصلیں برباد ہوئیں، سڑکوں اور ریلوے کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا، قصبوں کے قصبے ڈوب گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا، کئی دیہات تک رسائی ممکن نہیں تھی تاہم جس طرح اجتماعی کاوش کے ساتھ افواج پاکستان، این ڈی ایم اے، صوبائی ایجنسیوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر یک جان دو قالب ہو کر شبانہ روز محنت کی ہے اس کا اجر دنیا و آخرت دونوں میں ملے گا، اس کارکردگی کو سراہتے ہیں، سیلاب کی بڑے پیمانے پر تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے جو شاندار کام کیا اس پر این ایف آر سی سی مبارکباد کی مستحق ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے، چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل اختر نواز نے بڑی محنت سے کام کیا، احسن اقبال، شازیہ مری، سردار ایاز صادق، وزیر خزانہ سمیت دیگر نے سیاسی محاذ پر بھرپور کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ماڈل یہاں پیش کیا گیا ہے اس پر بغیر وقت ضائع کئے کام شروع کیا جائے، اندرون سندھ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر اور سیوریج لائنیں بچھانے کی تجویز معقول ہے، اس حوالہ سے وزیر خزانہ سے بات کریں گے، ہمیں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھنا ہو گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی تشویشناک لمحات میں بہترین کاوشیں کیں اور ایسی ویڈیوز دنیا کے سامنے پیش کیں جنہوں نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، صرف ریکوڈک کے ذخائر سے اربوں ڈالر حاصل کئے جا سکتے ہیں تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود ہم یہاں سے گولڈ اور کاپر کے ذخائر دریافت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اس طرح قومیں نہیں بنتیں، اس طرح ہم اپنے معاشرے کو بااختیار نہیں بنا سکتے، ہمیں قرآن کریم کی تعلیمات کے مطابق اپنی منزل کا تعین کرنا ہو گا، نبی کریمﷺ کی تعلیمات اور قائداعظم کے وژن کے مطابق چل کر ہی ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔