ویب ڈیسک: برطانوی ہوم ڈپارٹمنٹ نے پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا ویزہ منسوخ کر دیا ہے، جو پاکستان میں مختلف مقدمات کے باعث کئی ماہ سے روپوش تھے۔
ذرائع کے مطابق ویزہ منسوخی کی بنیادی وجہ رجب بٹ کی جانب سے ویزہ درخواست کے ساتھ نامکمل دستاویزات جمع کروانا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ رجب بٹ برطانیہ سے پاکستان واپس آئیں گے یا کسی دوسرے ملک کا رخ کریں گے، کیونکہ پاکستان میں ان پر مبینہ طور پر جوا ایپ کی تشہیر سمیت کئی مقدمات کا سامنا ہے۔
محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر کی اہم ملاقات
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ وزیر داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات بھی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے۔
اس سے قبل پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے فیک نیوز پھیلانے والوں کو تحفظ نہیں ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ "آپ بہت جلد واپس لائے جائیں گے اور ہر بات کا جواب دینا ہوگا۔"
رجب بٹ کے خلاف الزامات اور عدالتی کارروائیاں
رجب بٹ پر مبینہ طور پر اسلامی شخصیات کی توہین کا الزام ہے، جس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق یوٹیوبر نے سوشل میڈیا کی ایک ویڈیو میں صحابہ کرام کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی، جبکہ وہ اس سے پہلے بھی متعدد مقدمات میں نامزد ہیں۔