لاہور (پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمٰی بخاری کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ بزدار صاحب آپ کہاں سے آئے ہیں اور کس کی پرچی پر آئے ہیں یہ سب کو معلوم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اڑھائی سالوں میں عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے صرف دورے عوام کو پروٹوکول دکھانے کیلئے کیے ہیں۔ عثمان بزدار نے اپنے دونوں دوروں پر صرف عمران خان کی طرح ”شیخ چلی“ والے پلان اور اعلانات ہی کئے۔ پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ سب سے زیادہ برا سلوک کیا ہے۔ ہماری سیاست ختم کرتے کرتے ڈکٹیٹر مشرف ملک سے بھاگ گیا ہے آپ لوگ کس کھیت کی مولی ہیں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو اب اپنے نام کے ساتھ ”جنوبی پنجاب کا باسی“ لگاتے بھی شرم آنی چاہیئے۔ بزدار صاحب 2013 کے الیکشن میں شہباز شریف سے آپ نے کس طرح منتیں کرکے ٹکٹ لیا میں نے حقیقت قوم کو بتا دینی ہے۔ پھر عثمان بزدار کسی کو منہ دیکھانے کے لائق نہیں رہیں گے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے واٹس ایپ پر چلنے والا شخص ہماری سیاست ختم کرنے دعوے کررہا ہے۔ بزدار صاحب آپ صرف اپنی فیملی کو قیمتی جیولری اور مہنگی مہنگی شاپنگ کرائیں، پنجاب کے عوام کا اللہ وارث ہے۔