پبلک نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کی تمام باقیات ختم کر دیں گے۔ دہشت گردوں کے دوبارہ منظم ہونے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ حالیہ دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی۔ ملکی سکیورٹی صورتحال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کو بہادری سے ناکام بنانے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کہا ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔ سپہ سالار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں کے دوبارہ منظم ہونے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہم دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ تمام فارمیشنوں کو ہدایت کی کہ وہ بنیادی فوجی تربیت کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ روایتی کارروائیوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔