اینٹی کرپشن،اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات میں اصلاحات،آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا

اینٹی کرپشن،اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات میں اصلاحات،آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا
کیپشن: اینٹی کرپشن،اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات میں اصلاحات،آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا

ویب ڈیسک:  پاکستان میں اینٹی کرپشن کے اداروں کو مضبوط بنانے اور گورننس میں اصلاحات کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 14 فروری تک پاکستان میں قیام کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اور اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کا حصہ ہے، وفد نیب، عدلیہ سمیت مختلف اداروں اور وزارتوں کے حکام سے ملاقاتیں کرے گا، وفد کی جوڈیشل کمیشن اور سپریم کورٹ حکام سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدلیہ کی آزادی اور ججوں کی تعیناتی کے طریقہ کار پر بات چیت کا امکان ہے، ملاقاتوں کا مقصد قانونی حکمرانی، انسداد بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔

وزارت خزانہ کے حکام نے آئی ایم ایف وفد کی آمد پر فی الحال تبصرے سے گریز کیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کوئی جائزہ مشن پاکستان نہیں آیا، موجودہ ٹیم کا دورہ تکنیکی ہے، نمائندہ آئی ایم ایف

دوسری جانب آئی ایم ایف کے نمائندے ماہر بینیجی نے پاکستان میں موجود آئی ایم ایف ٹیم کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ ٹیم کا دورہ صرف تکنیکی معاملات کے جائزے کے لیے ہے اور اسے آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے منسلک نہ کیا جائے۔

 نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کا مقصد پروگرام سے متعلقہ تکنیکی امور پر کام کرنا ہے، جبکہ کسی بھی قسم کے دیگر جائزے شیڈول میں شامل نہیں۔ ماہر بینیجی نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان نہیں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سات ارب ڈالر پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کا اقتصادی جائزہ مشن 20 فروری کے بعد پاکستان آئے گا۔

Watch Live Public News