(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نےمختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 خوارج ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی ،اس دوران 3 خوارج ہلاک کردیے گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں خارجی رحمت بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج مارے گئے۔ میر علی آپریشن میں 3 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری، دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع شمالی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔ وزیراعظم نے ان آپریشنز میں 7 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 7 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خیبرپختونخوا میں خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز لائق تحسین ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بہادری پر قوم کو فخر ہے۔ خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے۔ قوم خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں کو سراہتی ہے۔