ویب ڈیسک: بھارت میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ اس وقت بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں ٹیم یو ایس اے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے، امریکہ آپ کے ساتھ ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکی ٹیم نے اپنا پہلا میچ گزشتہ روز بھارت کے خلاف کھیلا، جس میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ گروپ اے کے اس میچ میں بھارت کے 162 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکی۔
ممبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں امریکہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد بھارتی ٹیم نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز اسکور کیے۔